بالی ووڈ کی نوجوان اداکارہ اور سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان نے نوجوان بھارتی کرکٹر شبھمن گل کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کی افواہوں کے درمیان انکشاف کیا کہ امکان ہے ان کی شادی کسی کرکٹر سے ہو۔
اس حوالے سے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں فلم ’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘ کی اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کا ہونے والا شوہر اداکار، کرکٹر، تاجر یا ڈاکٹر ہو، بلکہ اصل چیز ذہنی ہم آہنگی ہے۔
واضح رہے کہ 27 سالہ سارہ علی خان اور شبھمن گل کے درمیان جاری رومانوی ملاقاتوں کے حوالے سے کافی عرصے سے افواہیں جاری ہیں جبکہ دونوں کے درمیان تعلق کے ٹوٹنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
گو کہ ابھی تک دونوں نے اس پر کوئی بات نہیں کی، تاہم سارہ سے حال ہی میں میڈیا نے سوال کیا تھا کہ کیا کہ وہ اپنی دادی کی طرح کسی کرکٹر سے شادی کرنے والی ہیں؟
جس پر سارہ علی خان نے کہا کہ کسی کے پیشے سے مجھے کوئی مسئلہ نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ شادی کے حوالے سے جو منصوبہ رکھتی ہیں انہیں ویسا شخص ابھی تک ملا نہیں ہے۔