دنیا کے امیر ترین شخصیات میں سے ایک اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کے بچپن کی تصاویر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے بناکر شیئر کی گئیں جس پر انھوں نے دلچسپ تبصرہ کیا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے بنائی گئی ایلون مسک کی بچپن کی تصاویر دلچسپ کیپشن کے ساتھ شیئر کیں جس پر ایلون مسک نے بھی دلچسپ تبصرہ کرکے حساب برابر کردیا۔
ناٹ جیروم پاول نامی ٹوئٹر صارف نے ایلون مسک کی بچپن کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ایلون مسک عمر کے اثرات کم کرنے والی کریمیں استعمال کر رہے ہیں لیکن یہ کچھ زیادہ ہوگیا۔
جس پر ایلون مسک نے جواباً لکھا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں نے عمر کم کرنے والی دوائیں کچھ زیادہ ہی مقدار میں لے لیں۔
اسی طرح اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک اور صارف نے بھی ایلون مسک کی بچپن کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ بے بی ایلون دنیا کو بچانے آگئے۔
صارفین ان دونوں تصاویر اور ایلون مسک کے تبصرے سے کافی محظوظ ہوئے اور بڑی تعداد میں کمنٹس کرکے اپنی رائے کا اظہار کیا۔