رحمتِ خدا وندی
ایک صاحبِ کمال بزرگ اپنے حال کو لوگوں پر ظاہر نہیں کرتے تھے اور ہر لحاظ سے اپنے آپ کو چھپانے کی کوشش کرتے تھے۔ان کی ایک عجیب عادت تھی کہ دولت مندوں سے سینکڑوں ہزاروں کی رقمیں قرض لیتے اور دل کھول کر فقراء و مساکین پر صرف کرتے۔ ہدیہ، نذرانہ اور تحائف وصول ہونے پر قرض کی ادائیگی کر دیتے۔ اسی طرح آپ نے اہلِ عشق اور اہلِ ذوق حضرات کتے ٹھہرنے کیلئے ایک خانقاہ بنوائی جس میں ہر طرح کی سہولتیں میسر تھیں۔
حضرت صاحب نے عرصئہ دراز اسی طرح گزار دیا۔ ادھر قرض لیتے ادھر ضرورت مندوں میں تقسیم کر دیتے۔اپنے پاس کوئی چیز نہیں رکھتے تھے۔ اسی طرح ہی زندگی کے روز و شب گزرگئے۔ پیغامِ اجل آن پہنچا۔ مرض الموت کے آثار نمودار ہونے لگے، شیخ بیمار ہوگئے۔ عقیدت مندوں کو آنکھوں میں آنسو تھے۔
اُن لوگوں کو بھی شیخ کے بیمار ہونے کی خبر پہنچ گئی جن سے آپ نے رقمیں اُدھار لی ہوئی تھیں۔
ایک ایک کر کے وہ بھی شیخ کے پاس آگئے اور اپنی اپنی رقم کی واپسی کا تقاضا کرنے لگے۔ شیخ صاحب کے پاس اس وقت ان کو دینے کے لیے کوئی چیز موجود نہ تھی۔ شیخ موم کی شمع کی مانند آہستہ آہستہ پگھل رہے تھے۔ اُدھر قرض خواہوں کی تعداد میں اضافہ ہوتاجا رہا تھا۔ شیخ کو بستر ِ مرگ پر دیکھ کر نا امیدی سے ان کے دل بیٹھے جار ہے تھی اور چہروں پر اُداسی چھائی ہوئی تھی۔
شیخ نے ان کی طرف دیکھ کر بڑے اطمینان سے کہا:”گھبراتے کیوں ہو؟خدا پربھروسہ رکھووہ کوئی نہ کوئی انتظام ضرور فرما دے گا۔“شیخ صاحب کا یہ ارشاد سُن کر قرض خواہوں نے منہ بنا کر کہا: ”معلوم ہوتا ہے کہ شیخ کے حواس رُخصت ہو گئے ہیں۔ بھلا ایسے موقع پر خدا قرض ادا کرنے کے لیے فرشتے کے ہاتھ چار سو اشرفیاں روانہ کرے گا؟“ وہ سب مایوس ہو چکے تھے کہ شیخ کے پاس تو ایک پھوٹی کوڑی بھی نہیں بھلا چار سو اشرفیاں کہاں سے دیں گے۔
شیخ صاحب نے یہ سن کر فرمایا: ” صدافسوس ہے ان دولت مندوں کے ذہنی افلاس پر کہ انہیں خدا کی ذات پر بھروسہ نہیں ، ارے بدبختوں!خدا ہر فعل پر قادر ہے۔“یہ باتیں ہو رہی تھیں کہ باہر گلی میں ایک حلوہ فروش لڑکے نے آواز لگائی”گرماگرم حلوہ !“شیخ نے یہ آواز سُن کر اپنے خادم کو حکم دیا کہ جاؤ اس حلوہ فروش لڑکے سے سارا حلوہ خرید کر ان قرض خواہوں کو کھلاؤ! کیونکہ یہ ہمارے مہمان ہیں ان کی ضیافت کرنا ہمارا فرض ہے خادم حکم ملتے ہی باہر گلی میں گیا۔
اس نے حلوہ فروش بچے کے ساتھ نصف دینا میں حلوے کا سودا کیا، حلوے کا تھال لے کر شیخ صاحب کی خدمت میں حاضر ہوا، شیخ نے فرمایا: ”سارا حلوہ اس فقیر کی طرف سے مہمانوں میں تقسیم کر دو۔“سب ن مل کر مزے کے ساتھ حلوہ کھایا۔ تھال خالی ہوتے ہی حلوہ فروش بچے نے اُٹھا لیا اور رقم کا مطالبہ کیا۔ شیخ نے کہا ”کیسا دام؟میرے پاس دینار کہاں سے آئے میری تو دمِ واپسی ہے تجھے اب کہاں سے نصف دینار دوں۔
“یہ کہ کر شیخ نے اپنا منہ کمبل میں کر لیا۔ شیخ کا یہ فرمان سُن کر بچے نے مارے رنج اور غصّے کے تھال زمین پر دے مارا اور بُری طرح رونے چلانے لگا کہ میرا مالک مجھے جان سے مارڈالے گا میں خالی ہاتھ کیسے جاؤں وہ مار مار کر میری چمڑی اُدھیڑ ڈالے گا بچے کا رونا دھونا سُن کر ارد گرد کے لوگ بھی اکٹھے ہو گئے۔ادھر قرض خواہوں نے بھی چلانا شروع کر دیا اور کہنے لگے”واہ شیخ نے ہمارا مال بھی اُڑادیا اور اس غریب لڑکے کو بھی جاتے جاتے لُوٹ لیا۔
“ دوسرے لوگ بھی ان کے ساتھ مل کر کہنے لگے کہ ” آج کل خانقاہوں میں رہنے والے گندم نما جو فروش درویش ایسے ہی دھوکہ اور فریب کر رہے ہیں ایسی ے ہودہ حرکت مرتے مرتے کی ہے۔ ذرا شرم نہ آئی !خدا کو کیا منہ دکھاؤ گے“۔شیخ یہ سب کڑوی اور کسیلی باتیں سنتے رہے، بادل میں چھپے ہوئے چاند کی طرح اپنا منہ کمبل میں دیئے چپکے سے پڑے رہے قرض خواہ شور مچاتے رہے ۔
۔۔۔اور وہ حلوہ فروش بچہ آنسو بہاتا رہا شیخ نے ان کی طرف ایک بار بھی نہ دیکھا اور نہ ہی ان سے کوئی بات کی۔ آخر ان لوگوں ے آپس میں یہ فیصلہ کیا کہ ہم سب تھوڑے تھوڑے پیسے جمع کر کے اس بچارے معصوم بچے کو دے دیں۔شیخ نے اپنا منہ کمبل سے باہر نکال کر فرمایا: ”خبردارکسی کو ایسا کام کرنے کی ضرورت نہیں“۔ تھوڑی دیر گزری ایک شخص بڑا سا خوان سر پر دھرے ہوئے آیا سلام و دعا کے بد عرض کیا”حضور!یہ نذرانہ قبول فرمائیں“۔
شیخ صاحب نے اپنے خادم کو اشارہ کیا ۔اس نے سرپوش اُٹھایا۔ خوان میں چار سو دینار ایک طرف اور نصف دینار دوسری طرف پڑا ہوا تھا۔ حاضرینِ مجلس یہ کرامت دیکھ کر ایک دم روتے ہوئے شیخ کے قدموں میں کر گئے، اور اپنے کئے پر بہت شرمندہ ہوئے کہ ہم نے اندھوں کی طرح لاٹھی چلا کر قندیلوں کو توڑا اور حضرت کی صحبت سے محروم ہو گئے۔شیخ صاحب نے فرمایا: ”میں نے تم سب کو دل سے معاف کیا۔
اصل میں تم لوگوں کو اتنی دیر رو کے رکھنے کا مقصد یہ تھا کہ میں نے اللہ تعالیٰ کے حضور یہ دُعا کی تھی اے میرے مالک!اس نازک موقع پر میری مدد فرما اس بچے کا نصف دینا ر اگر چہ مالیت میں کم تھا مگر اللہ تعالیٰ کی سخاوت کا دریا اس بچے کے رونے تڑپنے اور اضطراب کے سبب جوش میں آیا“۔ یہ مشکل اس معصوم بچے کی گرویہ وزاری سے آسان ہوئی، طفیل حلوہ فروش کی مثال تیری چشمِ گریاں ہے جب تک بچہ روتا نہیں ماں کی چھاتی سے دودھ نہیں اُبلتا جب تک آسمان اور بادل روتے نہیں اس وقت تک چمن نہیں مسکراتا۔
اگر تُو چاہتا ہے کہ تیرا مقصد بَر آئے تو اپنی چشمِ گریاں سے کام لے۔ جب تک تُو گریہ وزاری سے کام نہیں لے گا کامیابی و کامرانی نا ممکن ہے“۔
درسِ حیات
کسی بھی مقصد میں کامیابی کیلئے چشمِ گریاں سے کام لینا ہی بہت ہے۔ اس سے دریائے رحمتِ خدا وندی انتہائی جوش میں آتا ہے۔